دلیپ کمار کو سانس لینے میں دشواری، اسپتال منتقل

June 06, 2021

بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار سانس لینے میں دشواری کے باعث اسپتال میں داخل ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دلیپ کمار کو ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جس کی تصدیق اُن کی اہلیہ سائرہ بانو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سائرہ بانو نے کہا کہ دلیپ کمار کو سانس لینے میں دشواری ہورہی تھی جس کے بعد ہم نے آج صبح اُنہیں ممبئی کے اسپتال میں داخل کروا گیا۔

سائرہ بانو نے کہا کہ اسپتال میں دلیپ کمار کا علاج جاری ہے جبکہ اُن کے کچھ ٹیسٹ بھی کیے گئے جن کی رپورٹس کا انتظار ہے۔

اُنہوں نے اداکار کے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’دلیپ کمار کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا کریں تاکہ ہم جلد از جلد اُنہیں واپس گھر لے جائیں۔

خیال رہے کہ دلیپ کمار کو گزشتہ ماہ بھی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جس پر سائرہ بانو نے کہا تھا کہ وہدلیپ کمار کے معمول کے چیک اپ کے لیے اُنہیں اسپتال لیکر آئی ہیں۔

لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی سالوں سے بیمار ہیں جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ دلیپ کمار نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1944 میں فلم ’جوار بھاٹا‘سے کیا مگر فلم انڈسٹری میں اپنی اصل پہچان 1960میں تاریخی فلم ’مغلِ اعظم‘ میں شہزادہ سلیم کا کردار ادا کرکے بنائی۔