• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دلیپ کمار کو اُن کے معمول کے طبی معائنے کے لیے ایک دن قبل ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں اُن کا مکمل معائنہ کرنے کے بعد اداکار کو ڈسچارج کردیا گیا۔

اس حوالے سے دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ دلیپ کمار بالکل ٹھیک ہیں اور اب ہم اسپتال سے گھر واپس آگئے ہیں۔

سائرہ بانو نے اداکار کے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دلیپ جی کو اپنی دُعاؤں میں یاد رکھیں تاکہ وہ جلد مکمل طور پر صحتیاب ہوسکیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سائرہ بانو نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ دلیپ کمار کے معمول کے چیک اپ کے لیے اُنہیں اسپتال لیکر آئی ہیں۔

اُنہوں نے کہا تھا کہ اگر خُدا نے چاہا تو ہم بہت جلد دلیپ کمار کو اسپتال سے ڈسچارج کرکے گھر واپس لے جائیں گے۔

واضح رہے کہ لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی سالوں سے بیمار ہیں جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ دلیپ کمار نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1944 میں فلم ’جوار بھاٹا‘سے کیا مگر فلم انڈسٹری میں اپنی اصل پہچان 1960میں تاریخی فلم ’مغلِ اعظم‘ میں شہزادہ سلیم کا کردار ادا کرکے بنائی۔

دلیپ کمار کی خدمات کے پیشِ نظر حکومت ہندوستان کی طرف سے انہیں پدما بھوشن ایوارڈ، دادا صاحب پھالکے سمیت کئی اعزازات دئیے گئے جبکہ 1998 کو انہیں پاکستان کے سب سے بڑے سویلین اعزاز نشان پاکستان سے بھی نوازا گیا۔  

تازہ ترین