کراچی ہمارا دل ہے، ہم نے اس کے پانی میں کبھی کمی نہیں کی: سید ناصر حسین شاہ

June 06, 2021


وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی ہمارا دل ہے، ہم نے اس کے پانی میں کبھی کمی نہیں کی، ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق 6 واٹر ہائیڈریڈ چلائے جارہے ہیں، کراچی میں جہاں پانی چوری ہوتا ہے وہاں ہم کارروائی کرتے ہیں جبکہ کراچی میں ہماری مختلف اسکیمیں چل رہی ہیں۔

کراچی میں بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان بھر میں پانی کی قلت کا مسئلہ ہے، سندھ میں پانی کی قلت کا معاملہ سنگین ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پانی کی تقسیم پر ہمارے تحفظات ہیں جنہیں دور نہیں کیا گیا، سندھ کے احتجاج کے بعد ارسا نے برابر کا پانی دینے کا اعلان کیا جبکہ اس وقت بھی سندھ کو 35 فیصد پانی کی کمی کا سامنا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سمیت سب نے اس معاملے پر احتجاج کیا، کل چیئرمین ارسا نے کہا ہے کہ پانی کی تقسیم اب برابر ہوگی، یہ بھی صرف اعلان ہی ہے اس وقت بھی پانی کی قلت ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نااہل حکومت سے کہتے ہیں سب کو حق دیا جائے، پانی کی قلت سے ملک کی معیشت کو بھی نقصان ہوگا جبکہ وفاق کے رویے سے سندھ کے عوام پریشان ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ ماری ٹاسک فورس کا اجلاس آج تین بجے ہوگا، اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال کو دیکھ کر تعلیمی اداروں کو کھولنے کا فیصلہ ہوگا۔