زرعی معیشت سے متعلق جمشید اقبال چیمہ کا دعویٰ

June 06, 2021

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی جمشید اقبال چیمہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ برس زرعی معیشت کا سال ہوگا۔

ایک بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پنجاب میں کپاس کی بوائی کا تقریباً 90 فیصد اور سندھ میں 80 فیصد ہدف حاصل کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی صورتحال بہتر ہے اور گزشتہ سال کے مقابلے میں پیداوار کہیں زیادہ ہوگی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ملکی تاریخ میں گنا، مکئی اور گندم کی سب سے زیادہ پیداوار ہوئی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ زرعی معیشت میں 1100 ارب روپے منتقل ہوئے، جس سے کسان کی آمدن میں تاریخی اضافہ ہوا۔

جمشید اقبال چیمہ نے یہ بھی کہا کہ لائیو اسٹاک کی مد میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری لا رہے ہیں۔