سرمۂ بصیرت و معیار الاغلاط

June 13, 2021

تالیف: امیر احمد مینائی

تصحیح، مقدمہ و حواشی: فائزہ زہرا مرزا

صفحات: 491، قیمت: مجلّد 1500 روپے، غیر مجلّد 1000 روپے

ناشر: شعبہ تصنیف و تالیف و ترجمہ،

کراچی یونی ورسٹی۔

امیر مینائی کا عمومی تعارف ایک شاعر کے طور پر ہے، مگر اہلِ علم سے مخفی نہیں کہ وہ اپنے دَور کے ایک نام وَر ماہرِ لسانیات بھی تھے۔ اُن کی فارسی اور اُردو لغات اِن زبانوں کا ایک مستند حوالہ رہی ہیں اور اب تک اُن کی یہ حیثیت برقرار ہے۔ جامعہ کراچی اُن کی اُردو لغت’’ امیر اللغات‘‘ معروف ماہرِ لسانیات، پروفیسر ڈاکٹر رؤف پاریکھ کی کوششوں سے شایع کرچُکی ہے، اب اِسی جامعہ نے اُن کی دو فارسی لغات’’ سُرمۂ بصیرت‘‘ اور’’ معیار الاغلاط‘‘ شایع کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے، جسے شعبۂ فارسی کی استاد اور محقّق، ڈاکٹر فائزہ زہرا مرزا نے تدوین کیا ہے۔

اِن کتب، بالخصوص معیار الاغلاط کے اصل مسوّدوں کے حصول، اغلاط کی درستی، لغات کے تقابل اور باہمی اختلافات وغیرہ واضح کرنے کے ضمن میں جو جدوجہد کی گئی، وہ بذاتِ خود ایک قابلِ تقلید علمی کاوش ہے۔فاضل مرتّب کا تحریر کردہ عالمانہ مقدمہ جہاں موضوع پر اُن کی مضبوط گرفت کا عکّاس ہے، وہیں اس کی روشنی میں اِن کتب سے فیض یاب ہونے میں مدد ملتی ہے۔