مسلمانوں کیلئے اسلاموفوبیا سب سے بڑا خطرہ ہے، ارمینا خان

June 08, 2021

معروف پاکستانی اداکارہ ارمینا خان نے کینیڈا میں پاکستانی نژاد مسلمان کینیڈین خاندان کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے وجود کے لیے اسلاموفوبیا سب سے بڑا خطرہ ہے۔

اداکارہ ارمینا خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں افضل فیملی کے بالکل تباہ ہونے پر صدمےمیں ہوں ، جنہوں نے اپنے پیاروں کو شدید نفرت کی وجہ سےکھودیا۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’میری آنکھوں میں اسپتال میں اپنی جان سے لڑنے والے ننھے یتیم بچے کے لیے آنسو ہیں۔ کیا وہ اٹھے گا؟ میں اس واقعہ کو دہشت گردی کا نام دیتی ہوں !!‘

ارمینا خان نےمیڈیا پر ہونےوالے مسلم مخالف پروپیگنڈہ کو ایسے واقعات کی وجہ قرار دیا۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’ہمارے وجود کو سب سے بڑا خطرہ سفید فامی حاکمیت سے ہے اور یہ مزید بڑھتا جارہا ہے۔ کیا اب اگلا شکارآپ یا آپ کا خاندان ہوگا؟‘

واضح رہے کہ کینیڈا میں دہشت گرد نے پاکستانی خاندان کے چار افراد کو ٹرک سے روند دیا ، جاں بحق افراد میں عمر رسیدہ ماں، فزیوتھراپسٹ بیٹا، بہو اور کمسن پوتی شامل ہیں جبکہ نو برس کا پوتا شدید زخمی ہوا ہے۔