سیاحوں کی حفاظت کیلئے کیوائی، کاغان میں ویکسی نیشن سینٹرز قائم

June 09, 2021

مانسہرہ میں سیاحت کے کاروبار اور سیاحوں کی حفاظت کے لئےکیوائی اور کاغان میں کورونا ویکسی نیشن سینٹرز قائم کردیے گئے ہیں جبکہ منگل تک ناران میں بھی کورونا ویکسی نیشن سینٹر کام شروع کر دے گا۔

مانسہرہ کے عوام کے لئے ماس ویکسی نیشن سینٹر نیو سرکٹ ہاؤس میں قائم کیا گیا ہے جس کا افتتاح ایم پی اے بابر سلیم خان نے کیا۔

ضلع میں قائم 12مراکز میں 4 ہزار اساتذہ سمیت 44 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔

ڈپٹی کمشنر مانسہرہ ڈاکٹر قاسم نے بتایا کہ آج سے ویکسین لگائے بغیر کوئی استاد تدریسی عمل میں حصہ نہیں لے سکے گا جبکہ سیاحوں کے لئے تیسرا ویکسی نیشن سینٹر ناران میں جلد کام شروع کردیگا۔

ڈاکٹر قاسم علی نے بتایا کہ کیوائی میں اسوقت و یکسی نیشن سینٹر کام کر رہا ہے اور ایک ویکسی نیشن سینٹر کاغان میں کام کررہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ویکسی نیشن سینٹر پیر اور منگل کو ناران میں بھی کام کرے گا جبکہ عوام نے ویکسینیشن سینٹرز کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

مقامی شہری کاکہنا ہے کہ ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں چونکہ جگہ جگہ ویکسی نیشن سینٹر کھلنے سے عوام کو بہت فائدہ ہو رہا ہے۔

ایم پی اے بابر سلیم خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں حکومتی اداروں اور عوام کے درمیان ہم آہنگی سے ہی کامیابی ممکن ہو سکتی ہے۔