پاکستانی خاندان کے قتل سے شہر نے معصومیت کھو دی: میئر لندن، اونٹاریو

June 09, 2021

کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے شہر لندن کے میئر ایڈ ہولڈر کا کہنا ہے کہ اتوار کو پیش آنے والے دہشت گرد کے ہاتھوں پاکستانی خاندان کے قتل کے واقعے سے شہر نے اپنی معصومیت کھو دی۔

دہشت گرد کے ہاتھوں پاکستانی خاندان کی شہادت کے حوالے سے اونٹاریو میں ہزاروں افراد کا اجتماع ہوا۔

تعزیتی تقریب میں کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو، اپوزیشن لیڈروں کے علاوہ شہر کے میئر ایڈ ہولڈر سمیت اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

لندن اونٹاریو کے میئر ایڈ ہولڈر نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فیملی کو کچلنے کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک سے لوگ آ کر یہاں آباد ہیں، لندن اونٹاریو جس طرح ہمارا گھر ہے، اسی طرح ان کا گھر ہے۔

میئر لندن اونٹاریو کا کہنا ہے کہ لوگ یہاں خود کو محفوظ سمجھتے ہیں، اس واقعے سے پورے ملک کو صدمہ پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ یہاں لوگوں کی شناخت کی بنیاد رنگ و نسل نہیں بلکہ انسانیت ہے، متاثرہ خاندان اور مسلم کمیونٹی کے ساتھ ہیں۔

ایڈ ہولڈر نے مزید کہا کہ لندن اونٹاریو محفوظ شہر ہے، یہاں پہلی مرتبہ ایسا واقعہ پیش آیا ہے۔

میئر لندن اونٹاریو کا یہ بھی کہنا ہے کہ کینیڈا پرامن ملک ہے، یہاں ایسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں۔