لوگوں کی زندگی پر تبصرے کرنے سے گریز کریں: نادیہ افغان

June 09, 2021

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ نادیہ افغان نے سوشل میڈیا صارفین کو لوگوں کی زندگیوں پر تبصرے کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

نادیہ افغان نے فنکاروں کی نجی زندگی پر تنقید کرنے کے حوالے سے سوشل میڈیا کی موجودہ صورتحال پر اپنا ردّعمل دینے کے لیے انسٹاگرام ک رُخ کیا جہاں اُنہوں نے اسٹوری میں خصوصی پیغام جاری کیا۔

اداکارہ نے اپنی انسٹا اسٹوری میں سوالیہ انداز میں کہا کہ ’ہم کون ہیں؟‘

اُنہوں نے کہا کہ ’ہم کوئی نہیں ہیں، ہمارے پاس کوئی حق نہیں کہ ہم کسی کا مذاق اُڑائیں، کسی پر تہمت لگائیں، کسی پر باتیں بنائیں، کسی کو نیچا دِکھائیں اور کسی کی نجی زندگی پر تبصرے کریں۔‘

نادیہ افغان نے کہا کہ ’آج جس تنقید کا شکار کوئی دوسرا شخص ہے تو کل ہم اُس جگہ پر ہوسکتے ہیں۔‘

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’یاد رکھیں! بُرا وقت کسی پر بھی آسکتا ہے لہٰذا دوسروں کی زندگیوں پر تبصرے کرنے سے گریز کریں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ہانیہ عامر نے گلوکار و اداکار عاشر وجاہت کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس پر سوشل میڈیا پر سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا۔

ہانیہ عامر نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپنے بھائی کو ایسے سنبھالا جاتا ہے کہ جب وہ 101 بخار میں تپ رہا ہو۔

ویڈیو میں ہانیہ عامر عاشر وجاہت کے ساتھ تھیں اور وہ بیڈ پر کمبل اوڑھے لیٹے ہوئے تھے۔

سوشل میڈیا پر ہانیہ عامر کی یہ ویڈیو وائرل ہوتے ہی صارفین کی جانب سے اداکارہ کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اب شوبز شخصیات کی بڑی تعداد ہانیہ کا حوصلہ بُلند کرنے کے لیے اُن کے لیے مختلف پیغام جاری کررہی ہے۔