امیتابھ بچن کے ہم شکل کی جانب سے کورونا مریضوں کے دل بہلانے کا مشن

June 10, 2021

ان دنوں جب بھارت میں کورونا وائرس نے تباہی مچا رکھی ہے اور ایک بڑی تعداد میں لوگ اس وبا میں مبتلا ہوکر اپنی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں، ایک بڑی تعداد اسپتالوں میں زیر علاج ہے اور مرض کی شدت کی وجہ سے اپنی ہمت کھوبیٹھے ہیں۔

ایسے میں مغربی بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر پونا سے تعلق رکھنے والے ایک ٹیچر ششی کانت پیڈوال جو کہ بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے ہم شکل ہیں انھوں نے مریضوں کا دل بہلانے اور انکی ہمت بڑھانے کا کام شروع کررکھا ہے۔

اس مقصد کے لیے انھوں نے کورونا میں مبتلا مریضوں سے ورچوئل ملاقات کی کوشش کی، تاہم نجی اسپتالوں نے تو ابتدا میں انھیں اسکی اجازت نہ دی۔

تاہم انھوں نے سرکاری اسپتالوں میں اس مقصد کے لیے رابطہ کیا جہاں بمشکل انھیں اسکی اجازت ملی۔

جس کے بعد انھوں نے مریضوں کو نظم اور اشعار سنائے اور امیتابھ بچن کے مشہور ڈائیلاگ انھیں کے انداز میں ادا کیے، تاکہ مریض خوش ہوں۔

اس حوالے سے ششی کانت پیڈوال کا کہنا ہے کہ وہ یہ سب کچھ کسی معاوضے کے بنا کررہے ہیں اور اسے سماج کے لیے اپنی ڈیوٹی سمجھتے ہیں، اور اگر میری مدد سے کسی ایک شخص کی صورتحال میں بھی بہتری آتی ہے تو میرا مقصد پورا ہوجائے گا۔

انکا کہنا ہے کہ یہ وقت نیکی کمانے کا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ جب وہ مریضوں سے رابطہ کرتے ہیں تو زیادہ تر مریض تو یہ بھی نہیں پوچھتے کہ میں اصل امیتابھ بچن ہوں! وہ صرف خوش ہوتے ہیں۔

اگر انکے خاندان کے لوگوں کو بھی یہ معلوم ہوکہ میں امیتابھ بچن کا ہم شکل ہوتو وہ مریض کو یہ نہیں بتاتے، وہ خوش ہوتے ہیں کہ میری آمد سے انکے مریض کی طعبیت میں بہتری آئے گی۔