عرفان جونیجو کی والدہ انتقال کرگئیں

June 11, 2021

پاکستان کے مشہور یوٹیوبر عرفان جونیجو کی والدہ انتقال کرگئیں جس کی اطلاع اُنہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے دی۔

عرفان جونیجو نے اپنے مداحوں اور دوستوں کو ایک افسوسناک خبر دیتے ہوئے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر خصوصی اسٹوری شیئر کی۔

یوٹیوبر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ ’اُن کی والدہ انتقال کرگئی ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میری والدہ میری دُنیا، میرے لیے سب کچھ تھیں۔‘

عرفان جونیجو نے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ میری والدہ اور میری فیملی کو اپنی دُعاؤں میں شامل کرسکتے ہیں تو براہِ کرم! لازمی کریں، میں آپ کا مشکور رہوں گا۔‘

دوسری جانب معروف قوال امجد صابری کے بڑے بیٹے مجدّد صابری نے بھی اپنی انسٹا اسٹوری میں عرفان جونیجو کی والدہ کے انتقال کی افسوسناک خبر دی۔

مجدّد صابری نے اپنے پیغام میں عرفان جونیجو کی والدہ کی مغفرت کے لیے دُعا کی اور ساتھ ہی مداحوں سے سورۃ فاتحہ کی تلاوت کرنے کی اپیل بھی کی۔

واضح رہے کہ عرفان جونیجو کا شمار پاکستان کے بڑے اور نامور یوٹیوبرز میں ہوتا ہے اور اُن کے وی لاگز سے مُتاثر ہوکر پاکستان میں بہت سے نوجوانوں نے وی لاگنگ کی دُنیا میں قدم رکھا ہے۔