تنخواہ میں 10فیصد اضافہ مسترد، لیبرتنظیموں اور پنشنرز کا مظاہروں کااعلان

June 12, 2021

لاہور (نمائندہ جنگ)وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ کو سرکاری ملازمین کی یونینز، ایپکا، اگیکا، ریلوے پریم یونین، پاکستان ورکرز فیڈریشن بشمول اساتذہ کرام کی تنظیموں اور پیشنرز نے مسترد کردیا اور احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے تمام لیبر تنظیموں کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ آل پاکستان کلرکس ایسو سی ایشن (ایپکا ) نے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافےکو مسترد کردیاہے۔ مر کزی صدر (ایپکا) حاجی ارشاد چوہدری نے وفاقی حکومت سے دس کی بجائے 25 فیصد بنیادی تنخواہ میں اضافے کا مطالبہ کیا ۔ پاکستان ریلوے پریم یونین کے صدر شیخ محمد انور اور چیئرمین ضیااللہ انصاری نے بجٹ 22-2021کو مسترد کرتے ہوئے بھر پور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔