منال اور احسن ایک دوسرے کیلئے ہی بنے ہیں: صنم بلوچ

June 12, 2021

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ اور مارننگ شو کی میزبان صنم بلوچ کی جانب سے منال خان اور احسن محسن اکرام کو منگنی کی مبارکباد دی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک نہ رہنے والی معروف اداکارہ صنم بلوچ نے شوبز انڈسٹری کی نئی جوڑی کو منگنی کی مبارکباد دینے کے لیے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کا رُخ کیا۔

صنم بلوچ نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری میں منال خان اور احسن محسن اکرام کی منگنی کی تقریب کی تصویر شیئر کی جس میں یہ جوڑی بہت خوش نظر آرہی ہے۔

اداکارہ نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ماشاءاللّہ! یہ دونوں ایک دوسرے کے لیے ہی بنے ہیں۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’منال خان اور احسن محسن کو منگنی کی بہت مبارک ہو، اللّہ تعالیٰ تُم دونوں کو ہمیشہ خوش رکھے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز منال خان اور احسن محسن اکرام کی منگنی کی باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں چند شوبز ستاروں سمیت اس جوڑی کے عزیز و اقارب نے شرکت کی۔

اپنی زندگی کے اس خاص موقع پر منال خان نے پستہ رنگ کا خوبصورت عروسی لباس زیب تن کیا جبکہ اُن کے منگیتر احسن محسن نے آف وائٹ رنگ کے لباس کا انتخاب کیا۔

خیال رہے کہ گہری دوستی رکھنے والی شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی منال خان اور احسن محسن نے حال ہی میں اپنی بات پکی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

منال خان اور احسن محسن اکرام نے ڈرامہ سیریل ’پرچھائیں‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا، یہ ڈرامہ سال 2017 میں ایک نجی ٹی وی چینل سے نشر کیا گیا تھا۔