زلمی نے گلیڈی ایٹرز کو 61 رنز سے شکست دے دی

June 13, 2021

پی ایس ایل 6 کے 19ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 61 رنز سے شکست دے دی۔

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا تھا، مگر اس کے بعد آنے والے کھلاڑی کچھ خاص کھیل پیش نہ کرسکے۔

8 اوورز میں 62 رنز پر کوئٹہ کی پہلی وکٹ گری جبکہ 85 کے مجموعے پر اس کی 6 وکٹیں گرچکی تھیں۔

کوئٹہ کی جانب سے کپتان سرفراز احمد، سیم ایوب اور عثمان خان نمایاں کھلاڑی رہے جنہوں نے بالترتیب 36، 35 اور 28 رنز بنائے۔

مقررہ 20 اوورز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بناسکی۔

پشاور زلمی کی جانب سے محمد عرفان نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا، جنہوں نے ایک اوور میں ایک رن دے کر کوئٹہ کے 3 شکار کیے۔ عمید آصف اور وہاب ریاض نے 2،2 جبکہ فیبئن ایلن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 198 رنز کا مشکل ہدف دیا تھا۔ پشاور زلمی کی اننگز کی خاص بات کامران، ڈیوڈ ملر کی نصف سنچریاں اور رومن پاول کے برق رفتار 43 رہے۔

یوں پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں197 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے 198 رنز کا بڑا ہدف اسکور بورڈ پر سجادیا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے محمد نواز نے 2 جبکہ محمد حسنین اور خرم شہزاد نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔