خیبر پختون خوا کی سب سے بڑی ماربل صنعت مشکلات کا شکار

June 13, 2021

خیبر پختون خوا کے ضلع خیبر میں واقع صوبے کی سب سے بڑی ماربل کی صنعت مشکلات کا شکار ہے۔

خیبر پختون خوا کے ضلع خیبر کی ماربل انڈسٹری صوبے کی سب سے بڑی ماربل کی صنعت ہے، جہاں ڈھائی سو سے زائد فیکٹریاں مختلف اقسام کے سنگِ مرمر تیار کرتی ہیں، مسائل کے باعث مقامی ماربل انڈسٹری مشکلات کا شکار ہے۔

ملاگوری ماربل انڈسٹری میں تراشا گیا زیارت ماربل معیار کے لحاظ سے دنیا بھر میں مقبول اٹلی کے ماربل کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔

ملاگوری انڈسٹری کے 276 کار خانوں سے 10 ہزار مزدورں کا روزگار وابستہ ہے، زیارت ماربل کی مانگ بونیر، باجوڑ اور مہمند کے سنگِ مرمر سے زیادہ ہے۔

ملک بھر کے علاوہ ملاگوری ماربل کی طلب خلیجی ممالک میں بھی پائی جاتی ہے۔

ماربل انڈسٹری بجلی کے بل کے علاوہ ماہانہ 2 کروڑ روپے کے معدنی ٹیکس بھی ادا کرتی ہے، اس کے باوجود ماربل انڈسٹری کے علاقوں میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ یہاں بجلی کی سپلائی بھی محدود ہے۔

حکمرانوں کے محلات کو انواع و اقسام کے سنگِ مرمر سے زینت بخشنے والی ملاگوری ماربل انڈسٹری اربابِ اختیار کے امتیازی سلوک کا شکار ہے۔

ماربل کی صنعت کو سہولتوں کی فراہمی نا صرف پیداوار میں بلکہ حکومتی آمدنی میں بھی اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔