ہسپانوی شہریت کے خواہاں پاکستانی

June 15, 2021

بارسلونا کی ڈائری … شفقت علی رضا
سپین میں کام کی تلاش سے زیادہ یہاں کی شہریت حاصل کرنے کی خواہش ہر غیر ملکی میں اُتم پائی جاتی ہے ، سپین میں دس سال لیگل طور پر رہنے والے اپنی شہریت کی درخواست دے سکتے ہیں ، دوہزار پندرہ سے پہلے تک شہریت ملنے کا عمل چار سے پانچ سال اور کبھی کبھی اس سے بھی زیادہ مدت پر محیط ہوتا تھا لیکن اب شہریت حاصل کرنے کے لئے چونکہ لینگوئج پر عبور ہونے کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا پڑتا ہے اس لئے اب شہریت ملنے کی مدت ایک سے دو سال پر محیط ہو گئی ہے ۔درخواست دینے کے لئے پاکستان سے پولیس کریکٹر اور پیدائش کاسرٹیفکیٹ ، شادی شدہ ہیں تو نکاح نامہ منگوا کر کاغذات کے ساتھ لگانا ضروری ہوتا ہے ۔ سپین میں پاکستانیوں کی اس وقت تک اہل خانہ سمیت ایک لاکھ تیس ہزار کے لگ بھگ تعداد مقیم ہے جن میں سے زیادہ تر لیگل رہائشی ہیں اور کچھ ہی ایسے ہیں جو غیر قانونی رہائش پذیر ہوں گے ۔سپین کی وزارت داخلہ کے شائع کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ سال2020 میں سپین کی شہریت حاصل کرنیوالوں کی کل تعداد80ہزار148ہے جو 2019 کے مقابلے میں 51فیصد کم ہے ۔شہریت حاصل کرنے والوں میں مراکشی 23ہزار522ہیں جو ٹوٹل تعداد کا 30فیصد بنتے ہیں،مراکشی باشندوں کے پاسپورٹ لینے میں بھی 33 پرسنٹ کی کمی دیکھنے میں آئی ہے،مراکش کے بعد ایکوڈورین ہیں جن کے 5309افراد نے شہریت لی جو پچھلے سال کے مقابلے میں 56فیصدکم ہے،اس کے بعد4831 کولمبین نے سپین کی شہریت لی جو پچھلے سال کے مقابلے میں 62فیصد کم ہے، اس کے ساتھ ساتھ4781 بولیوین بھی سپین کے شہری بنے،جو پچھلے سال کے مقابلے میں 58فیصد کم تعدادہے،وینزویلا کے 3545افراد نے سپین کا پاسپورٹ حاصل کیا،جو پچھلے سال کے مقابلے میں 34فیصد کم ہے،3029 پاکستانیوں نے بھی سپین کی نیشنلٹی لینے کا اعزاز حاصل کیا جو پچھلے سال کے مقابلے میں 19فیصدکم ہے۔یورپین ممالک میں رومانیہ کے 1705افراد کو سپین کا پاسپورٹ ملا،افریقی ممالک میں 1380نائیجرین بھی یورپین بن گئے سپین کا پاسپورٹ لینے کے بعدسپین کی نیشنلٹی لینے والوں میں اکثر تارکین وطن کی عمر کی شرح 37 سال ہے۔سپین کا پاسپورٹ لینے والوں میں خواتین کی بھی اچھی خاصی تعداد ہے اور وہ 49 فیصدبنتی ہے،نیشنلٹی لینے والوں میں 21 فیصد افرادکی عمریں 25 سال سے کم ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور سپین کے مابین دہری شہریت کا کنٹریکٹ ابھی طے نہیں پایا جس کی وجہ سے پاکستانیوں کو ہسپانوی شہریت لینے کے بعد پاکستانی پاسپورٹ سے ہاتھ دھونے پڑتے ہیں ، پاکستانی کمیونٹی نے حکومت پاکستان سے بھر پور مطالبہ کیا ہے کہ وہ سپین کے ساتھ دہری شہریت کا معاہدہ جلد از جلد کرے تاکہ فرانس اور برطانیہ کی طرح سپین میں بھی پاکستانی دونوں ممالک کے پاسپورٹس رکھ سکیں۔