پنشن اور تنخواہ پر کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا، ایف بی آر

June 15, 2021

اسلام آباد (نامہ نگار)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بجٹ میں تنخواہ دار طبقہ پر ٹیکس تجاویز سے متعلقہ اخبار ی خبر شائع ہونے پر وضاحت جاری کی ہے ۔ ایف بی آرنے کہا ہے کہ اخباری خبر میں کچھ گمراہ کن اور غلط معلومات درج ہیں اسی لئے ان کی درستگی کی جارہی ہے۔ایف بی آرنے وضاحت میں کہا ہے کہ چھوٹ کو واپسی اور کم شرح کو نئے ٹیکس عائد ہونا نہ سمجھا جائے۔ یہ بات پہلے ہی بہت وضاحت سے بیان کی جا چکی ہے کہ ٹیکس تجاویز میں پنشن اور تنخواہ پر کوئی ٹیکس نہیں عائد کیا گیا۔ انکم ٹیکس آرڈینینس 2001 کے دوسرے شیڈول کے حصہ اول کی شق 19 کو صرف تکنیکی نوعیت پر حذف کیا گیا ہے۔ اس شق کے تحت ادارے کی طرف سے ملازم کو خرچے کی واپسی پر چھوٹ دی گئی تھی۔ اس طرح کی ٹرانزیکشن کسی بھی طرح تنخواہ کا حصہ نہیں ہو سکتی ۔