پی ایس ایل6: کراچی کنگز کا پشاور زلمی کو جیت کے لیے 109 رنز کا ہدف

June 16, 2021

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 24ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 109 رنز کا ہدف دیا ہے۔

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

مقررہ 20 اوورز میں کراچی کنگز نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے۔ سب سے نمایاں کھلاڑی عباس آفریدی رہے، انہوں نے 18 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 3 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔

کراچی کنگز کے 3 کھلاڑی محض 12 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر شرجیل خان اچھا کھیل پیش کررہے تھے مگر وہ بھی زیادہ دیر زلمی کے بولرز کے سامنے نہیں ٹک سکے اور 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

کراچی کے کپتان عماد وسیم اور نجیب ﷲ زدران ٹیم کا اسکور آگے لے گئے۔ دونوں نے بالترتیب 19 اور 17 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور ابرار احمد نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سمین گل نے کراچی کنگز کے دو شکار کئے۔