چوہدری قربان کے صاحبزادے چوہدری مہربان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

June 16, 2021

لوٹن ( نمائندہ جنگ) لوٹن سنٹرل ماسک کے مرکزی عہدیدار اور کشمیر سالیڈیریٹی کمپین لوٹن کے کو آرڈی نیٹر حاجی چوہدری محمد قربان کے 35 سالہ صاحبزادے، نوجوان کاروباری اور سماجی شخصیت چوہدری محمد مہربان قربان ایک عارضہ کے باعث گزشتہ شب انتقال کر گئے، ان کی نماز جنازہ خطیب لوٹن سنٹرل ماسک علامہ حافظ اعجاز احمد کی امامت میں لوٹن مرکزی جامع مسجد غوثیہ میں ادا کردی گئی ۔نماز جنازہ میں لارڈ قربان حسین، پروفیسر مسعود اختر ہزاروی، علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ، علامہ قاری واجد حسین چشتی، علامہ ٽاقب مدنی، مولانا بنیامین، قاضی ضیاء المصطفیٰ، قاری کامران ، الحاج اکرام مجددی ، شاہد زمان سرہوٹوی، الحاج یوسف چشتی، سابق میئرزلوٹن راجہ سلیم اور ریاض بٹ، لوٹن سنٹرل ماسک ممبران انتظامی کمیٹی سمیت کمیونٹی کی چیدہ شخصیات کی بھرپور نمائندگی تھی، بعدازاں جواں سالہ مہربان قربان کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے، لوٹن اسلامک کلچرل سوسائٹی، کشمیر سالیڈیریٹی کمپین لوٹن اور وسیع پیمانے پر کمیونٹی کی جانب سے تعزیت کی گئی ہے، مرحوم مہربان قربان چیرٹی کاموں میں مصروف رہتے تھے، ان کے چیرٹی کاوشوں کا سلسلہ لوٹن سے لے کر میرپور، سوات اور یوگنڈا تک پھیلا ہوا تھا ۔ آپ اپنے دادا سائیں چوہدری محمد اشرف مرحوم، دادی مرحومہ اور والدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مساجد مدارس کی تعمیر و ترقی اور دیگر امدادی کاموں میں ہمہ وقت مصروف رہتے تھے۔ اس خاندان نے بیش بہا رقوم خیراتی اور دینی مقاصد پر خرچ کی ہے، ساتھ ہی خاص طور پر پچھلے کچھ عرصے سے کشمیر پر مختلف سرگرمیوں میں مالی معاونت بھی اسی خاندان کا خاصہ رہا ہے جس باعث نوجوان مہربان قربان کی بے وقت رحلت پر لوٹن کمیونٹی نہایت رنجیدہ اور دکھی ہے، سب دعا گو ہیں کہ اللہ پاک حاجی چوہدری محمد قربان اور ان کی فیملی کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ دے _ دریں اثناء علامہ حافظ اعجاز نے حاجی چوہدری محمد قربان کے صاحبزادے مہربان قربان کی تدفین کے بعد تعزیت کی، ان کی رہائش گاہ پر مرحوم کے بلندی درجات کے لئے دعا کی انہوں نے کہا کہ حاجی چوہدری محمد قربان کی مختلف مساجد اور مدارس سے بلا امتیاز لگاو اور دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا جذبہ ہی تھا جس کی وجہ سے ان کے صاحبزادے کے نماز جنازہ میں ہر مکتب فکر کے علماء کرام نے شرکت کی سابق مئیر لوٹن راجہ سلیم اختر نے کہا کہ مہربان قربان ایک نیک سیرت نوجوان تھے جو سچے جذبات سے کمیونٹی کی خدمت کے لیے کردار ادا کرتے رہے اور آج ان کے نماز جنازہ پر ایک عرصے سے بکھری تکھری کمیونٹی متحد ہو گئی، پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری عبدل رشید پوٹھہ بنگش اور دیگر رہنماؤں نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔