نیٹو رہنماؤں کا اتحاد کو مزید مضبوط بنانے پراتفاق ہوگیا

June 16, 2021

برسلز( حافظ انیب راشد ) نیٹو رہنماؤں نے برسلز میں منعقد ہونے والی سمٹ میں نیٹو 2030 انیشیٹیوو اور نیٹو اتحادکو مزید مضبوط بنانےپر اتفاق کیا ہے۔ اس بات کا اعلان نیٹو سیکٹری جنرل یین سٹولٹنبرگ نے پریس کانفرنس اور بعد ازاں نیٹو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کیا ۔ نیٹو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نیٹو ہیڈ کوارٹرز برسلز میں منعقد ہونے والی اس نیٹو سمٹ 2021 میں نیٹو ممبر اتحاد کے رہنماؤں نے اگلی دہائی اور اس کے بعد کے لائحہ عمل پر اتفاق کر لیا ہے۔ نیٹو رہنماؤں نے روس کے بارے میں بیک وقت دفاع اور ڈائیلاگ کی دوہری پالیسی اختیار کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے نیٹو کے شراکت دار، یوکرین اور جارجیا کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔ نیٹو رہنماؤں نے چین سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے بین الاقوامی وعدوں کو برقرار رکھتے ہوئے بین الاقوامی نظام میں ذمہ داری کے ساتھ عمل کرے۔انہوں نے چین کے دنیا میں بڑھتے ہوئے اثرو رسوخ اور بین الاقوامی پالیسیوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور نیٹو کی سلامتی سے جڑے مفادات کے دفاع کیلئے چائنہ کے ساتھ گفتگو جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔ نیٹو رہنماؤں نے سمٹ کے دوران نیٹو 2030 انیشیٹیوو کے پر جوش ایجنڈے پر اتفاق کیا تاکہ آج اور آنے والے کل کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سیاسی مشاورت اور اجتماعی دفاع کو تقویت دینے ، نیٹو کی ٹیکنالوجی کی برتری میں اضافہ کرنے ، قواعد پر مبنی بین الاقوامی آرڈر کو برقرار رکھنے، نیٹو شراکت داروں کیلئے تربیت اور ان کی صلاحیت میں اضافہ کرنے ، ماحولیاتی تبدیلی کے سیکورٹی پر پڑنے والے اثرات کو حل کرنے اور 2022 میں نیٹو سربراہ اجلاس کیلئے نیٹو کا اگلا سٹریٹجک تصور تیار کرنے پر اتفاق کیا۔ نیٹو سیکٹری جنرل کے مطابق اتحادیوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ہمیں نیٹو میں ملکر سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کیلئے نیٹو کے تینوں بجٹ یعنی فوجی ، سول اور بنیادی ڈھانچے کے وسائل کو ترقی دینے کی ضرورت ہوگی۔ نیٹو رہنماؤں نے نیٹو کیلئے ایک نئی سائبر دفاعی پالیسی پر بھی اتفاق کیا اور واضح کیا کہ الائنس دوسرے فوجی شعبوں کی طرح خلاء میں بھی اپنے دفاع کا عزم رکھتا ہے۔ اعلامیے کے مطابق نیٹو رہنماؤں نے افغان افواج اور اداروں کیلئے تربیت اور مالی مدد ، کابل میں موجود بین الاقوامی ہوائی اڈے کی مستقل فعالیت کو یقینی بنانے کیلئے مالی اعانت سمیت افغانستان کے ساتھ کھڑے رہنے کے عمل کی تصدیق کی۔ نیٹو اعلامیے کے مطابق اس حوالے سے سیکٹری جنرل نیٹو نے زور دیکر کہا کہ ہم نے زیادہ مسابقتی دنیا میں نیٹو کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اہم فیصلے لیے ہیں۔