اریبہ حبیب کا سیاستدانوں کو اسکول میں داخلہ لینے کا مشورہ

June 17, 2021

معروف اداکارہ و ماڈل اریبہ حبیب نے پاکستان کے سیاستدانوں کو تہذیب سیکھنے کے لیے اسکول میں داخلہ لینے کا مشورہ دے دیا۔

حال ہی میں اریبہ حبیب نے جیو نیوز کے پروگرام ’جشنِ کرکٹ‘ میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں میزبان شہزاد اقبال نے اُن سے قومی اسمبلی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے واقعے سے متعلق سوال کیا جس پر اداکارہ نے سیاستدانوں کو مفید مشورہ دے دیا۔

اریبہ حبیب نے کہا کہ ’ہمارے سیاستدانوں کو ایسے اسکول میں داخلہ لینا چاہیے جہاں اُنہیں گفتگو کرنے کا طریقہ اور تہذیب سکھائی جائے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’جہاں اُنہیں بتایا جائے کہ صبر و تحمل کیا ہوتا ہے اور دوسروں کے ساتھ کس طریقے سے پیش آنا چاہیے۔‘

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ہمارے ملک کے تمام سیاستدان بدتمیز نہیں ہیں، سیاست میں کچھ افراد بڑے ہی تہذیب والے بھی ہیں۔‘

اریبہ حبیب نے شوبز انڈسٹری سے متعلق کہا کہ ’فیشن انڈسٹری میں لابنگ ہے وہاں سینئر اور جونیئر کا فرق ہے جبکہ ڈرامہ انڈسٹری میں یہ ایک حد تک ہے۔‘

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ’وہ ایک اداکارہ ہونے کے ساتھ ہی ایک ڈیزائنر بھی ہیں اور وہ اپنی ماڈلز کو معاوضہ بھی دیتی ہیں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے آئٹم سانگ پسند نہیں اور اگر کبھی مجھے پیشکش ہوئی تو میں اُسے مسترد کرنا پسند کروں گی۔‘