بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح و اداکارہ روبینہ دلیک شوبز کی دُنیا کے بعد اب سوشل میڈیا پر بھی اپنی مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر روبینہ دلیک کو 5 ملین یعنی 50 لاکھ صارفین نے فالو کرلیا ہے جس کے بعد وہ بھی بھارت کی مقبول ترین اداکاراؤں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں۔
اس ضمن میں روبینہ دلیک نے اپنے پانچ ملین فالوورز کے لیے انسٹاگرام پر خصوصی پوسٹ شیئر کی ہے۔
روبینہ دلیک نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی نئی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ بےحد خوش نظر آرہی ہیں۔
بھارتی اداکارہ نے اپنی پوسٹ پر لکھا کہ ’مجھے بہترین سے نوازا گیا ہے۔‘
اُنہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب ہماری فیملی 5 ملین ہوگئی ہے۔‘
روبینہ دلیک کی اس کامیابی پر بھارتی فنکاروں سمیت صارفین کی بڑی تعداد اُنہیں مبارکباد دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ بگ باس 14 کے فائنل میں پانچ کنٹسٹنٹ پہنچے تھے جن میں روبینہ دلیک، راہول ویدیا، علی گونے، نیکی تمبولی اور راکھی ساونت شامل تھیں۔
آخر میں یہ مقابلہ روبینہ دلیک اور راہول ویدیا کے درمیان چلا اور پھر بالی ووڈ اداکار اور اس شو کے میزبان سلمان خان نے روبینہ دلیک کو زیادہ ووٹس ملنے کی بنا پر بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح قرار دیا۔
خیال رہے کہ روبینہ دلیک بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ بھی ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے 2006ء میں مِس شملا کا خطاب جیتا تھا اور اس کے 2 سال بعد 2008ء میں اُنہوں نے مِس شمالی ہندوستان کا خطاب بھی اپنے نام کیا تھا۔