مقدس کلمات کی توہین، علی نواز اعوان روحیل اصغر کیخلاف مقدمہ کی درخواست

June 18, 2021

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان اورن لیگ شیخ روحیل اصغر کیخلاف مقدس کلمات کی توہین کے الزام میں مقدمہ کے لیے درخواست تھانہ سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی گئی ،ایڈوکیٹ سپریم کورٹ طارق اسد نے درخواست دی ہےکہ قومی اسمبلی کے بجٹ سیشن میں دوران ہنگامہ آرائی علی نواز اعوان ، شیخ روحیل اصغر اور دیگر اراکان اسمبلی نے ایک دوسرے کو بجٹ تقریر پر مشتمل کتاب ماری ،مذکورہ کتاب کے صفحہ اول پر درود شریف ’’ نحمدہ ونصلی علی رسول الکریم‘‘اور بسم اللہ الرحمان الرحیم ‘‘اور صفحہ آخر پر جناب رسول اللہ کا اسم مبارک ’’محمد ‘‘ جیسے کلمات درج تھے ، علی نواز اعوان ،شیخ روحیل اصغر اور دیگر نے ایک دوسرے کویہ کتاب مارکر دانستہ طور پر مقدس کلمات کی توہین کی ہے ،جس سے نہ صرف درخواست گزار اور پاکستان کے کروڑوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات شدید مجروح ہو ئے بلکہ ان میں شدید اشتعال اور غم وغصہ بھی پیدا ہوا ،مندرجہ بالا حقائق و واقعات کی روشنی میں استد عا ہے کہ علی نواز اعوان ،شیخ روحیل اصغر اور دیگر کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعات اے 295،سی 295سمیت پاکستان پینل کوڈ اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دیگر تمام متعلقہ دفعات دفعات کے تحت فوری طور پر مقدمہ درج کر کے قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔