مولانا عبدالرزاق صدر، مولانا حنیف جالندھری ناظم اعلیٰ وفاق المدارس العربیہ پاکستان منتخب

June 18, 2021

لاہور(نمائندہ خصوصی)شیخ الاسلام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کی تجویز پر ایک مرتبہ پھر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندرکو 5سال کیلئے صدر اورمولانا محمد حنیف جالندھری کو 5سال کیلئے ناظم اعلیٰ وفاق المدارس العربیہ پاکستان منتخب کرلیاگیا، ہاؤس میں موجود تمام حضرات نے ہاتھ فضا میں بلند کرکے بلکہ کھڑے ہوکر اس انتخاب کی مکمل تائید وحمایت کا اعلان کیا۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے مولانا عبدالرزاق سکندر اور مولانا محمد حنیف جالندھری کو مبارکباد دی اورکہا کہ علماءکرام کا اتفاق و اتحاد قوم کیلئے نیک شگون ہے ، اللہ کے فضل و کرم سے دینی مدارس اسلام کی اشاعت کا فریضہ سر انجام دیتے رہیں گے، مولانا عبدالغفور حیدری،مولانا محمد امجد خان اور جے یو آئی کے دیگر رہنماؤں نے بھی وفاق المدارس کی قیادت کو مبارکباد پیش کی ہے۔