کراچی: پولیس کی منشیات فروش کے اہلخانہ سے رشوت لینے کی ویڈیو

June 18, 2021



نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں پولیس کی منشیات فروش کے اہلخانہ سے رشوت لینے کی ویڈیو سامنے آگئی، پولیس اہلکار نے 20 لاکھ روپے رشوت لے کر ملزم کے اہلخانہ کو ملزم سے رابطہ کروانے کی یقین دہانی کروائی۔

نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے منشیات فروش کو جعلی مقابلے میں نہ مارنے کے عوض 20 لاکھ روپے وصول کر لئے۔ ملزم کے بھائی نے پیسے کے لین دین کی خفیہ ویڈیو بناکر پولیس کا بھانڈا پھوڑدیا۔

ایس ایچ او نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سمیت 5 اہلکاروں کو مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا۔

نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے 31 مئی کو منشیات فروش اقبال عرف حضور بخش کو 10 کلو چرس سمیت گرفتار کیا، لیکن ملزم کی گرفتاری کی حقیقت اس وقت سامنے آئی جب پولیس اہلکار عامر ملک اور منشیات فروش کے اہلخانہ کے درمیان ملزم کو جعلی مقابلے میں نہ مارنے کے عوض 20 لاکھ روپے کی وصولی کی خفیہ ویڈیو سامنے آئی۔

دوسری جانب ملزم کے اہلخانہ کا کہنا ہے اسے پولیس اہلکار رات میں لے گئے اس پر تشدد کرتے تھے۔ ادھر ادھر سے مانگ کر بیٹے کی جان بچانے کے لئے پیسے دیئے۔

پولیس حکام نے جرم ثابت ہونے پر ایس ایچ او سمیت 5 اہلکاروں کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق 31 مئی کو نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں مقدمہ درج ہوا کہ ملزم اقبال عرف حضور بخش سے 10 کلو اعلی منشیات برآمد ہوئی، بعد کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم سے 35 کلو منشیات برآمد ہوئی تھی مقدمہ میں 10 کلو ظاہر کی گئی، پولیس کانسٹیبل سے لے کر ایس ایچ او تک نے بھاری رشوت وصول کی۔

پولیس اہلکار ولید نے سرجانی ٹاؤن پولیس کے اہلکار عامر سے 20 لاکھ وصول کیے، جبکہ عامر نے ملزم کے بھائی سے رقم لی۔

رشوت کی رقم میں سے 7 لاکھ ایس ایچ او یونس خٹک نے وصول کیے، ایک لاکھ اے ایس آئی ریاض سیال، 3 لاکھ اہلکار ولید نے خود رکھے، ولید نے 4 لاکھ مخبر کو، ایک لاکھ 50 ہزار اہلکار عجب گل کو دیئے۔