این ایف سی ایوارڈ کے بغیر بجٹ تبدیلی سرکار کے دامن پر داغ ہے، صادق عمرانی

June 20, 2021

کوئٹہ(پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے سابق صوبائی سیکرٹری اطلاعات وقاص ندیم سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے بکتر بند بجٹ نے ثابت کردیا ہے کہ من چاہے اور عوام دشمن فیصلے کس طرح اور کیوں مسلط کئے جاتے ہیں گزشتہ روز آنے والے سیاسی زلزلے کا مرکز کہاں تھا اور زمین میں اس کی گہرائی کتنی تھی یہ حقیقت تاحال ابہام کا شکار ہے بحرحال مطلوبہ اہداف کو یقینی بنا لیا گیا چور کو کہا گیا کہ چوری کر اور گھروالوں کو ہوشیار باش سیاسی عدم برداشت کا یہ کلچر سلطنت عمرانیہ کی دین ہے جو اوپر سے تہلکہ مچاتا ہوا قومی نظریہ اکائیوں کی جگہ تک جاپہنچا ہے انہوں نے کہا کہ حقیقی سیاسی قیادت کا فقدان مضبوط معاشروں کو زبوں حالی سے دوچار کرچکا ہے بداعتمادی کے بھونچال ناقابل تسخیر قلعوں کو زمین بوس کردیا تاریخ گواہ ہے کہ گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے اب تو سہولت کاروں کا سوچنا بنتا ہے کہ وہ ملک کی نظریاتی اساس پر مزید ضربیں لگانے کا عمل روکیں اور قوم کی سیاسی آزادی کو مزید سلب رکھنے کی بجائے وسیع و عظیم تر قومی مفاد کو ملحوظ خاطر رکھیں تاکہ قائد اعظم کے پاکستان کے حصول کے اصل مقاصد کو پورا کیا جاسکے نئے پاکستان کے متوالوں نے تو عام آدمی کی عزت نفس کو مجروح کرکے اسے مہنگائی اضافی ٹیکسوں کے کند ہتھیار سے ٹکڑوں میں تقسیم کرڈالا جو ان کیخلاف کسی بھی ممکنہ خطرے کا سبب بن سکتی تھی صادق عمرانی نے کہا کہ مایوسی اور بے یقینی کے گہرے بادل زیادہ دیر ٹھہرنے والے نہیں مسلط کردہ سلطنت عمرانیہ سے نجات کا وقت قریب ہے تبدیلی سرکار کے اندر سے ہونے والی ٹوٹ پھوٹ ہی اسے اپنے منطقی انجام سے دوچار کردے گی۔