مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوج اور میزائلوں میں کمی کا فیصلہ

June 21, 2021

کراچی (نیوزڈیسک )امریکی فوج کے ہیڈکوارٹر نے مشرقِ وسطیٰ میں تعینات ملکی فوج میں کمی کرنے کی تصدیق کی ہے۔ فوجیوں کی تعداد میں کمی کے ساتھ ساتھ فضائی دفاعی فورسز اور وہاں نصب پیٹریاٹ میزائلوں میں کمی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔پنٹاگون کی ترجمان کمانڈر جیسیکا مکنلٹی نے واضح کیا کہ ہٹائے جانے والے فوجی یونٹوں کو دوسرے ممالک میں تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے اس فوجی تعیناتی کے لیے نئے ممالک کے نام بتانے سے گریز کیا۔مشرقِ وسطیٰ کے خطے میں امریکی فوجی دستے کم کرنے سے متعلق ایک رپورٹ معتبر جریدے وال اسٹریٹ جرنل میں شائع ہوئی تھی۔ اس رپورٹ کے مندرجات کی اب امریکی محکمہ دفاع کے صدر دفتر پنٹاگون نے باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔مشرقِ وسطیٰ کے خطے میں امریکی فوج میں کمی، ایئر ڈیفنس یونٹس اور وہاں نصب کئی میزائل بیٹریاں ہٹانے کے بارے میں ایک بیان پنٹاگون نے جمعہ 18جون کو جاری کیا۔پنٹاگون کے مطابق خطے میں امریکی فوجی دستوں میں کمی کے ساتھ ساتھ ایئر ڈیفنس یونٹس بھی ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ 8پیٹریاٹ میزائل بیٹریاں بھی ہٹا لی جائیں گی۔ ہر میزائل بیٹری سے منسلک سینکڑوں فوجی اور سویلین عملہ بھی منتقل کر دیے جائیں گے۔امریکی فوجی ہیڈکوارٹر کی ترجمان کا یہ بھی کہناتھا کہ اس کٹوتی کا فیصلہ خطے میں اتحادی ممالک کے ساتھ رابطہ کاری سے کیا گیا۔