14ماہ میں کورونا کے 56,300مفت ٹیسٹ ہوئے،پرنسپل پی جی ایم آئی

June 21, 2021

لاہور (جنرل رپورٹر ) جنرل ہسپتال میں گزشتہ 14ماہ کے دوران کورونا کے تشخیصی56,300مفت ٹیسٹ ہوئے ۔پرنسپلپی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے بتایاکہ ٹیسٹوں کی فیس کی مالیت 36کڑور روپے سے زائد بنتی ہے۔ لیکن صوبائی حکومت کی پالیسی کے تحت ایل جی ایچ میں کسی فرد کی ایک پائی بھی خرچ نہیں ہوئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ریسرچ لیب پی ایچ ڈی ہولڈر ڈاکٹر غزالہ روبی نے بتایاکہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا کی تشخیص کیلئے جدید پی سی آر مشین کے علاوہ کٹس بھی فراہم کیں جن کی مدد سے کورونا وائرس کی مختلف اقسام کی تشخیص اورتجزیاتی رپورٹیں ممکن ہو سکیں۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق،ڈاکٹر عرفان ملک، ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر بھی موجود تھے۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس نے اپنی پیشہ وارانہ خدمات احسن طریقے سے سرانجام دیتے ہوئے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر مہلک وبا میں مبتلا مریضوں کا علاج ممکن بنایا جو طب کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ ویکسین لگوانے کے باوجود احتیاطی تدابیر اور فیس ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اپنے ضعیف العمر بزرگوں کی ویکسینیشن کروانے میں تاخیر نہ برتیں۔