غنا علی کی والد کیساتھ تصاویر وائرل

June 21, 2021

حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی معروف اداکارہ غنا علی کی اپنے والد کے ساتھ تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

غنا علی نے فادرز ڈے کے موقع پر اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے والد کے ہمراہ اپنی کچھ نئی تصویریں شیئر کی ہیں۔


انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویروں میں غنا علی کے والد پشتون لباس میں ملبوس ہیں جبکہ اداکارہ نے گِرے اور گولڈن رنگ کا خوبصورت لباس زیب تن کیا ہوا ہے۔

غنا علی نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’دُنیا کے تمام حیرت انگیز باپ کو والد کا دن مبارک ہو۔‘

اداکارہ نے اپنے والد سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’میں آپ سے بہت محبت کرتی ہوں۔‘

غنا علی نے مزید لکھا کہ ’بابا! میں ہمیشہ آپ کی چھوٹی بچی رہوں گی۔‘

خیال رہے کہ غنا علی اب تک کے پاکستان کے کئی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

ان کے ڈراموں میں سُن یارا، کس دن میرا ویاہ ہووے گا سیزن 4، سایہ دیوار بھی نہیں، ہانیہ، چھوٹی چھوٹی باتیں اور سراب سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ غنا علی پاکستان کی کچھ مشہور فلموں میں بھی کام کرچکی ہیں جن میں رنگریزہ، مان جاؤ نا، اور کاف کنگنا شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سمیت دُنیا بھر میں گزشتہ روز ’فادرز ڈے‘ منایا گیا تھا اور اس موقع پر جہاں عام لوگ اپنے والد سے اظہارِ محبت کرنے کے لیے مختلف پیغامات سوشل میڈیا پر جاری کر رہے ہیں تو وہیں دُنیا کی معروف شخصیات نے بھی اس دن کو بڑے ہی شاندار انداز میں منایا۔