محمد عامر اثاثہ، ٹیم کو ضرورت ہے تو ضرور آنا چاہیے، اظہر محمود

June 22, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق بولنگ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ محمد عامر میں بہت مہارت ہے ۔انہیں اور ٹیم انتظامیہ کو مل بیٹھ کر اپنے مسئلے حل کرنے چاہئیں ۔ محمد عامر اثاثہ ہے ۔پاکستان کو ضرورت ہے تو اسے ضرور آنا چاہیے ۔حارث رئوف بھی زبردست بولر ہے ۔ دوچار میچزاوپر نیچے ہونے سے کسی کا کیریئر ختم نہیں کر دینا چاہیے۔ شاہنواز دھانی میں انرجی بہت ہے۔ ہر وقت مسکراتےاور تفریح کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں ۔ وہ ایسا کریکٹر ہیں جو سب کو جگا کر رکھتا ہے۔اظہر محمود نے پیر کو انٹر ویو میں کہا کہ نوجوان کھلاڑی کے لیے یہ بہت اہم ہوتا ہے کہ وہ بڑے دل کے ساتھ کرکٹ کھیلیں۔ شاہنواز دھانی کا بڑے دل کے ساتھ کھیلنا ان کی کامیابی کا راز ہے ۔ شاہنوازکامستقبل بہت روشن ہے۔انتظامیہ کو دیکھنا ہے کہ انہیںکہاں کھلاناہے۔ بولروں کو تسلسل کے ساتھ موقع دینا چاہیے ۔ اظہر محمود نے کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل کے چار میچز ہارے ، وہاں ہمارا کمبی نیشن اچھا نہ بن سکا ۔ ٹی ٹوئنٹی میں سارا کام تسلسل کا ہوتا ہے ۔ ابوظبی میں پہلا میچ جیتے سے فرق پڑا ۔کھلاڑیوں کو اعتماد ملا اور پرفارمنس سب کے سامنے ہے ۔