جعلی نمبر پر گاڑیوں کی فروخت،پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونےکا انکشاف

June 22, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر)تھانہ ممتاز آباد ٹمپر گاڑیاں فروخت سکینڈل کی تفتیش کا دائرہ وسیع، گاڑیوں کی فروخت میں سابق و حاضر پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونے کا انکشاف، برآمد کی گئی گاڑیوں کی تعداد 14 ہو گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹمپر گاڑیاں فروخت سکینڈل کے مرکزی ملزمان تفتیشی ٹیم کے ساتھ رابطے میں ہیں تاہم انہیں تا حال گرفتار نہیں کیا گیا ہے اور انہیں کی نشاندہی پر گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں ۔اب تک کی ہونے والی تفتیش کی جو رپورٹ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کو بھیجی گئی ہے اس کے مطابق ٹمپر گاڑیاں فروخت سکینڈل میں دیگر پولیس اہلکار اور ملزمان ناصر اے ایس آئی اور محرر اشفاق ملہی کے ساتھ رابطے میں پائے گئے ہیں اور انہوں نے ملزمان سے گاڑیاں بھی لی ہیں۔جبکہ بعض ایکسائز افسران بھی اس سکینڈل میں ملوث ہیں اور کار چوروں کا گروہ بھی مرکزی ملزمان ناصر اور اشفاق کے ساتھ رابطے میں پایا گیا جو کاریں چوری کر نے کے بعد ٹمپر کر کے ملزمان کو دیتے جو ایکسائز افسران کی ملی بھگت سے رجسٹریشن تیار کر کے دیتے اور گاڑیاں فروخت کردی جاتیں۔ٹمپر گاڑیاں فروخت سکینڈل کی تفتیش جاری ہے۔مزید انکشافات کی توقع ہے۔