ڈاکٹر امجد سراج میمن جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر مقرر

June 23, 2021

کراچی(سید محمد عسکری) وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈاؤ میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر امجد سراج میمن کو جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کردیا ہے۔ان کی تقرری چار سال کے لئے کی گئی ہے۔اس حوالے سے محکمہ بورڈز و جامعات کی جانب سےنوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ تلاش کمیٹی نے پہلا نمبر ڈاکٹر لبنیٰ بیگ کو جبکہ دوسرا نمبر ڈاکٹر امجد سراج میمن کواور تیسرا نمبر ڈاکٹرخواجہ مصطفی قادری کودیا تھا تاہم وزیر اعلیٰ سندھ نے تینوں امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا جس کے بعد انھوں نے دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار ڈاکٹر سراج میمن کو وائس چانسلر مقرر کرنے کی منظوری دی۔ ڈاکٹر امجد سراج میمن نےایڈنبرا یونیوسٹی اسکاٹ لینڈ سے ایف آر سی ایس کیا ہے وہ بنیادی طور پر سرجری کے پروفیسراور جنرل سرجن ہیں ۔ڈاکٹر امجد سراج میمن آج (بدھ کو) اپنے عہدے کا چارج سبکدوش ہونے والے وائس چانسلر ڈاکٹر طارق رفیع سے لیں گے۔ ڈاکٹر طارق رفیع 9 سال تک جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر رہے اب انھیں چار سال کے لیے چارٹرڈ انسپکشن اینڈ ایوالیشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا جاچکا ہے۔