پی ایس ایل6، پاکستان کا کنگ کون؟ فیصلہ آج ہوگا، زلمی اور سلطانز میں زبردست ٹکراؤ

June 24, 2021

پی ایس ایل6، پاکستان کا کنگ کون؟ فیصلہ آج ہوگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ سکس کا تاج کس ٹیم کے سر پر سجے گا۔ کون بنے گا کنگ، اس کا فیصلہ جمعرات کی شب سابق چیمپئن پشاور زلمی اور پہلی بار فائنل کھیلنے والی ملتان سلطانز کے درمیان فائنل کے بعد ہوگا۔ پشاور نے چوتھی بار فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے اس نے 2017میں یہ ٹورنامنٹ لاہور میں جیتا تھا۔ فاتح ٹیم کو چمچماتی ٹرافی کے علاوہ ساڑھے سات کروڑروپے اوررنرزاپ ٹیم کو 3 کروڑ روپے کی خطیر انعامی رقم ملے گی۔ پلیئر آف دا ٹورنامنٹ کو 30 لاکھ روپے، بہترین بیٹسمین ، بولر اوربہترین وکٹ کیپر کو 8 ،8 لاکھ روپے ملیں گے۔ اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈکے لئے 32 لاکھ روپے کی رقم رکھی گئی ہے۔فائنل میں زبردست ٹکرائو متوقع ہے۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ فائنل میں رسائی ہر فرد کی مشترکہ محنت کا ثمر ہے، کراچی کنگز کے خلاف میچ میں شاندار کم بیک کی وجہ بھی یہی ہے۔ کراچی میں کھیلے گئے لیگ کے ابتدائی مرحلے میں ہماری ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی تاہم ابوظبی پہنچنے سے قبل ہم تمام تر چیلنجز سے بخوبی آشناء ہوچکے تھے۔ پشاور نے ٹورنامنٹ کی دو بڑی اور مضبوط ترین ٹیموں کراچی کنگز اور اسلام آباد کو ٹورنامنٹ سے باہر کیا تھا۔ پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ حضرت اللہ زازئی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں جو ٹیم کے لیے اچھا ہے۔ فائنل تک رسائی میں ہر کھلاڑی نے حصہ ڈالا ہے۔ انضمام الحق، محمد اکرم اور ڈیرن سیمی کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہیں، فائنل میں بھی کامیابی حاصل کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9بجے کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں کھیلے گئے33سنسنی خیز مقابلوں کے بعد ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیموں نے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی ،دونوں ٹیموں نے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو پلے آف مرحلے میں شکست دینے کے بعد ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنائی ملتان سلطانز نے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31رنز جبکہ پشاور زلمی نے ایلیمنٹر ٹو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے ہرایا تھا۔ ملتان سلطانز نے لیگ کے ابوظبی مرحلے میں کوالیفائر سمیت 6میں سے 5میچز میں فتح حاصل کی، دوسری جانب پشاور زلمی نے ابوظبی مرحلے میں 5میں سے صرف 2 میچز ہی جیتے تاہم وہ بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر پلے آف مرحلے میں پہنچی۔ دونوں ٹیمیں پی ایس ایل 6میں 2مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں اور دونوں نےایک ایک میچ جیتا۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے پری فائنل میڈیا سیشنز میں شرکت کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کچھ یوں کیا ہے۔محمد رضوان نے کہا کہ ملتان سلطانز کی جیت میں تسلسل کی بنیادی وجہ ایک منظم اور جامع حکمت عملی کی تیاری اور پھر اس پر عمل کرنا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ فائنل میں جیت کے لیے پرعزم ہیں۔کپتان پشاور زلمی وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے آغاز سے اب تک وہ لیگ کے بہترین بولر نہیں بن پائے۔