2015ء کے بعد یومیہ 283پاکستانی بیدخل ہوکر واپس آرہے ہیں

June 24, 2021

اسلام آباد (زاہد گشکوری) 2015سے روزانہ اوسطاً 283 پاکستانی بیرون ممالک سے بےدخل ہوکر واپس آرہے ہیں۔ سعودی عرب، یو اے ای، ترکی، قطر، ایران اور اومان سے مجموعی تعداد کے 72 فیصد واپس آئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق، 2015 سے دنیا کے 100سے زائد ممالک سے روزانہ بنیادوں پر 283پاکستانی شہریوں کو جلاوطن کرکے واپس بھیجا جارہا ہے۔ ہزاروں پاکستانیوں کے روشن مستقبل کے خواب اس لیے ٹوٹ چکے ہیں کہ وہ یا تو غیرقانونی طور پر بیرون ممالک گئے، یا ان کے پاس جعلی سفری دستاویزات تھے یا پھر ان کے ورک پرمٹ کی معیاد میزبان ممالک میں ختم ہوچکی تھی۔ جیو نیوز کے حاصل کردہ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق، 2015سے اب تک دنیا کے 138 ممالک سے 618877پاکستانی اب تک بےدخل ہوکر پاکستان لوٹ چکے ہیں۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ ان کے واپس آنے کی وجہ بیرون ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں سے انہیں باقاعدہ معاونت فراہم نا کیا جانا بھی ہے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق، وطن واپس آنے والوں کی اکثریت، تقریباً 72 فیصد کو 7 دوست ممالک نے بے دخل کیا ہے۔