سینیٹ کمیٹی اطلاعات ، ایس او پیزکیساتھ سینما گھر کھولنے کی سفارش

June 25, 2021

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کا اجلاس سینیٹر فیصل جاوید کی زیرصدارت ہوا جس میں معلومات تک رسائی ترمیمی بل 2021 پر بحث محرک بل کی عدم موجودگی کے باعث موخر کر دی گئی، وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ 2008سے 2018تک سرکاری ٹی وی میں تقریباً 2200لوگوں کو ڈیلی ویجزپربھرتی کرکے مستقل کیا گیا جس کی وجہ سے 32 کروڑ روپے تنخواہوں اور پنشن کی مد میں دینا پڑتا ہے، 40 افرادکو بھی کام صحیح نہیں آتا، پی ٹی وی ہوم اور سپورٹس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بنانے جارہے ہیں، 14 اگست کو ریڈیو بھی ڈیجیٹیلائز کردیا جائیگا، اس وقت سرکاری خبر ایجنسی میں 922 ملازمین کام کر رہے ہیں جن میں صرف 300،400 صحافی اور باقی انتظامیہ کے لوگ ہیں، عرفان صدیقی نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکنالوجی کی طرف جانے سے لوگوں کے بیروزگار ہونے کا بھی خطرہ ہوگا وہ کدھر جائیں گے؟،فواد چودھری نے بتایا کہ برطانیہ کی ایک کمپنی کیساتھ پارٹنرشپ کے ذریعے پاک چائنہ فرینڈشپ سنٹر کو ٹیکنالوجی زون بنا رہے ہیں جس میں مختلف کورسز آفر کئے جائینگے، ہمیں دنیا میں اپنا سافٹ امیج قائم کرنے کیلئے مثبت پالیسی بنانی چاہئے، ہمیں شاعری، فلم، ڈرامہ، سینما کی بحالی کیلئے ملکر اقدامات اٹھانے پڑینگے،چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ قائمہ کمیٹی سے فلموں اور ایڈورٹائزنگ پالیسی اورپریس کلب کی ریگولیٹری باڈی سے متعلق رائے طلب کی جاسکتی ہے، وزارت اطلاعات کی درخواست پر چیئرمین نے ا ین سی او سی کو ایس او پیزکیساتھ ملک بھر میں سینما گھر کھولنے کی سفارش کر دی، عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کو بحال کرنا اتنا آسان نہیں کیونکہ ہمارے پاس بجٹ، افرادی قوت اور آئیڈیاز کی کمی ہے،انہوں نے وزارت کو ماہرین پر مشتمل ایک موثر گروپ بنانے کی تجویز پیش کی۔