جس کو میرے شوہر سے مسئلہ ہے وہ مجھے اَن فالو کردیں: غنا علی

July 08, 2021

شادی کے بعد سے سوشل میڈیا پر تنقید کا شکار رہنے والی معروف اداکارہ غنا علی نے کہا ہے کہ جن لوگوں کو اداکارہ کے شوہر سے مسئلہ ہے وہ اُنہیں اَن فالو کردیں۔

غنا علی نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے شوہر کے ہمراہ اپنی کچھ نئی تصویریں شیئر کی ہیں جن میں وہ بےحد خوش نظر آرہی ہیں۔


تصویروں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ غنا علی کے شوہر نے سیاہ رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا ہے جبکہ اداکارہ مغربی لباس میں ملبوس ہیں۔

غنا علی نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’میرے شوہر کو سیاہ رنگ بہت پسند ہے اور اُن کی الماری میں زیادہ تر لباس سیاہ رنگ کے ہی ہیں۔‘

اداکارہ نے ناقدین سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’اگر آپ لوگوں کو میرے شوہر سے کوئی مسئلہ ہے تو مجھے اَن فالو کردیں۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’میں اب کسی کی گھٹیا بات سُن نہیں سکتی اور نہ ہی اُن باتوں کا جواب دے سکتی ہوں۔‘

واضح رہے کہ غنا علی کو شادی کے بعد سے اُن کے شوہر کی وجہ سے کافی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اس سے قبل بھی غنا علی اپنے شوہر پر تنقید کرنے والے کو کھری کھری سُنا چکی ہیں۔

خیال رہے کہ غنا علی اب تک کے پاکستان کے کئی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں جن میں سُن یارا، کس دن میرا ویاہ ہووے گا سیزن 4، سایہ دیوار بھی نہیں، ہانیہ، چھوٹی چھوٹی باتیں اور سراب سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ غنا علی پاکستان کی کچھ مشہور فلموں میں بھی کام کرچکی ہیں جن میں رنگریزہ، مان جاؤ نا، اور کاف کنگنا شامل ہیں۔