کرائسسز مینجمنٹ سیل قائم کردیا گیا

July 20, 2021

پشاور ( جنگ نیوز )عیدالاضحی کے موقع پر بجلی کی شکایات رفع کرنے کیلئے پسکو نے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں، اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹیو پسکو انجینئر محمدجبار خان کی ہدایت پر واپڈا ہاؤس پشاور میں ایک خصوصی کرائسسز منیجمنٹ سیل قائم کردیا گیاہے ،تاکہ عیداضحی کے موقع پر کہیں پر بھی بجلی کی فراہمی میں کوئی غیرمتوقع تعطل نہ آئے ، کسی بھی بریک ڈاؤن سے بچا جاسکے اور کسی ایمرجنسی کی صورت میں بحالی کاکام فوری طورپر کیا جاسکے، چیف انجینئر آپریشن پسکو بذات خود کرائسز منیجمنٹ سیل کی کاروائی مانیٹرکریں گے اور ہدایات جاری کریں گے،تاکہ بجلی فراہمی میں کسی تعطل کو فوری طورپر دورکیا جاسکے اور بحالی کے کاموں میں کسی تاخیرکا امکان باقی نہ رہےواپڈا ہاؤس پشاور میں قائم کرائسسز منیجمنٹ سیل تعطیلات کے دوران دن رات چوبیس گھنٹے مسلسل کام کرے گا اورکہیں پر بھی بجلی کے نظام میں نقص کی صورت میں فوری کاروائی کرے گا،کرائسسز منیجمنٹ سیل کے علاوہ سرکل اور مقامی کمپلینٹ آفیسز کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کی خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،اور اضافی سازوسامان اور ماہرین بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے موجود ہیں ،چیف ایگزیکٹیوپسکونے تمام افسران کو اپنے اپنے متعلقہ علاقوں میں موجود رہنے کا حکم دیا ہے ۔سنٹرل منیجمنٹ سیل میں افسران اورعملے کی شب وروز ڈیوٹی بھی لگادی گئی ہے.