جیف بیزوس نے بھی خلا کا چکر لگالیا

July 20, 2021

دنیا کی امیر ترین شخصیت اور سب سے بڑی آن لائن مارکیٹ کے بانی جیف بیزوس نے بھی خلا کا چکر لگالیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جیف بیزوز اپنی ہی کمپنی نیو شیپرڈ کے اسپیس ایئرکرافٹ میں خلا سے ہوکر زمین کی جانب آئے۔

جیف بیزوز اسپیس ایئرکرافٹ کے دیگر تین ممبران سمیت خلائی شٹل میں روانہ ہوئے، وہ تین منٹ بعد خلا میں پہنچے اور انھیں کشش ثقل کے ختم ہونے کا احساس ہونے لگا۔

ان کا یہ سفر مجموعی طور پر صرف 10 منٹ پر محیط تھا اور وہ واپس زمین پر ایک صحرا میں آگرے جہاں پہلے سے موجود عملہ ان کا انتظار کرتا رہا۔

اس سفر کے بعد میڈیا سے گفتگو میں جیف بیزوس نے کہا کہ یہ ان کا سب سے بہترین دن ہے، یہ بہت ہی شاندار ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ موجودہ نسل کا کام ہے کہ وہ خلا تک راستہ بنائے، تاکہ آئندہ آنے والی نسل تخلیقی صلاحیت کو جاری رکھ سکے۔

خیال رہے کہ خلا کا سفر کرنے والے جیف بیزوز دوسرے کھرب پتی جبکہ مجموعی طور پر 571ویں خلاباز بن گئے ہیں۔

ان سے قبل ایک اور کھرب پتی رچرڈ برینسن خلا کا سفر کر چکے ہیں۔