لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد والڈ سٹی اتھارٹی کے سپرد کرنے کا حکم

July 24, 2021

لاہور( این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے تاریخی بادشاہی مسجد کو محکمہ اوقاف سے لے کر والڈ سٹی اتھارٹی یا محکمہ سیاحت کے سپرد کرنے کا حکم دے دیا ہے اور کہا کہ بادشاہی مسجد تاریخی ورثہ ہے، محکمہ اوقاف کے پاس اس کی دیکھ بھال کی استطاعت نہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان جو 12جولائی کو موسم کی خرابی کے باعث لاہور کے دورہ پر نہیں آسکے تھے ویڈیو لنک پر پنجاب کے مختلف محکموںسے متعلق اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدار، صوبائی وزراء اور سیکرٹریز سمیت دیگر اعلیٰ افسران بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ بادشاہی مسجد تاریخی ورثہ ہے،اوقاف کے پاس اس کی دیکھ بھال کی استطاعت نہیں، تاریخی مسجد کومحکمہ اوقاف سے لے کر کرسیاحت یا والڈ سٹی کے کنٹرول میں دیدیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس میں محکمہ جنگلات کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میںابھی تک کوئی نیا جنگل یا درختوں کا بڑا پراجیکٹ شروع نہیں کیاگیا۔ محکمہ جنگلات نے بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ سال 10؍ کروڑدرخت لگائے ہیں اور اب آئندہ سال بھی اتنے درخت لگائیں گے۔