کشمیر میں دو ریفرنڈم، وزیراعظم کا موقف مسترد، ن لیگ، پیپلز پارٹی

July 25, 2021

اسلام آباد… لاہور… قلات (نمائندگان جنگ،خبرایجنسیاں ) مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے کشمیر میں دو ریفرنڈم کے وزیراعظم عمران خان کے موقف کو مسترد کردیا،ن لیگی رہنما شہباز شریف نے کہا ہےکہ عمران نیازی آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کر کے پاکستان کے تاریخی اور آئینی موقف سے انحراف کر رہے ہیں۔

پی پی رہنما پلوشہ خان اور روبینہ خالد نےکہاکہ کون سی ایسی چیزیں اور راز ہیں جو عمران خان نہیں بتا پا رہے، کون سے آپشنز ہیں اور یہ آپشنز کس نے دیئے ہیں؟ ادھر جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور جے یو آئی کے رہنما غفور حیدری نےکہاہےکہ ریفرنڈم کشمیریوں کے خون سے غداری ہوگی ۔

تفصیلات کےمطابق صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کروانے کے مؤقف کو قوم مسترد کرتی ہے،عمران نیازی آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کر کے پاکستان کے تاریخی اور آئینی موقف سے انحراف کر رہے ہیں۔

تنازع جموں و کشمیر پر پاکستان کے تاریخی مؤقف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ہٹ کر کوئی بھی مؤقف ہم اور پوری قوم مسترد کرتی ہے۔

تنازع جموں و کشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں شفاف، آزادانہ استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق سے ہوگا، پاکستان اور کشمیر کے عوام کا یہی مؤقف ہے اور کشمیریوں کی مرضی اور مشاورت کے بغیر کوئی حل ان پر ٹھونسنا بھارت کی مدد کرنا اور کشمیر کاز سے غداری کے مترادف ہے۔