شکارپور، سفاک ملزم نے اپنی 2 بیٹیوں، بیوی اور چچی کو قتل کردیا

July 26, 2021

سکھر (بیورورپورٹ ) شکارپور کے نواحی کچے کے علاقے میں الخراش واقعہ، مسلح ملزم نے گھر میں فائرنگ کرکے اپنی بیوی، دو بیٹیوں اور چچی سمیت چار افراد کو قتل کردیا ہے، اور ایک بیٹی کو شدید زخمی کردیا ہے، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور لاشوں و زخمی کو شکارپور اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق شکارپور کچے کے علاقے تھانہ 20 میل کی حدود گاوں فقیر میں ملزم غلام اصغر جونیجو نےگھر میں فائرنگ کرکے اپنی اہلیہ 33 سالہ سلمان، دو معصوم بیٹیوں 7 سالہ اقصی، 9 سالہ کبرا اور 40 سالہ اپنی چچی فرزانہ کو قتل کردیا ہے، جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ملزم کی بیٹی 12 سالہ بیٹی عزیزاں شدید زخمی ہوئی ہے۔

پولیس نے اطلاع ملتے ہی ملزم کو گرفتار کرکے لاشوں اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا ہے ، واقعہ کے بعد گھر میں کہرام مچ گیا اور علاقے میں سوگ کی فضا پھیل گئی، پولیس نے گرفتار ملزم سے تحقیقات شروع کردی ہے۔

لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں ضروری کاروائی کے بعد ورثا کے حوالے کی جائیں گی جبکہ زخمی بچی کو تشویشناک حالت میں لاڑکانہ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔