ساحل پر پھنسے ہوئے مال بردار جہاز کو نکالنے کا کام شروع

July 26, 2021

کراچی ( آن لائن ) کراچی میں کلفٹن کے ساحل کے قریب پانی میں پھنسے ہوئے مال بردار جہاز کونکالنے کا کام شروع کردیا گیا ہے اور دبئی سے آنے والے ٹگ کے ساتھ مقامی ٹگز نے بھی جہاز کو نکالنے کا عمل شروع کردیا ہے جبکہ دوسری جانب وزارت بحری امور نے مذکورہ واقعہ کے حوالے سے ذمہ داروں کے تعین کیلئے انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحل پر پھنسے جہاز کو گہرے پانی میں واپس دھکیلنے کیلئے ریسکیو آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے ،دبئی سے آنے والے سالویج ماسٹر ٹگ سمیت مقامی ٹگز بھی ریسکیو آپریشن میں سرگرم ہیں،بتایا جاتا ہے کہ جہاز کو ریسکیو کرنے کا کام سمندر کے مد و جزر کو ملحوظ خاطر رکھ کر کیا جائیگا اور یہ مد و جزر صبح 11 اور رات 11 بجے ہی ساز گار ہوگا،کے پی ٹی نے ریسکیو آپریشن کے دوران ممکنہ طور پر تیل کے رساؤ کو روکنے کیلئے اپنی رسپانس ٹیم کو پہلے ہی متحرک کردیا ہے جبکہ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کو بھی الرٹ کیا گیا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میںپی ایم ایس اے کی ایک کشتی کو تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔