محرم میں روادار ی اوربرداشت کے رویوں کواپنانے کی زیادہ ضرور ت ہے،سی سی پی او

July 26, 2021

لاہور(کرائم رپورٹر) سی سی پی او ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے شمال مغربی سرحدی صورتحال اور سٹرٹیجک اہمیت کے پیش نظر ازلی دشمن ملک بھارت محرم الحرام کے دوران ہماری صفوں میں انتشار پھیلانے اور ملکی مفادات کو نقصان پہچانے کی ناپاک کوشش کر سکتا ہے لہذٰا سخت احتیاط اور فول پروف سکیورٹی اقدامات کے ساتھ ہی بین المسالک اتحاد و یگانگت، رواداری اور برداشت کے ذمہ دارانہ رویوں کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ جاتی ہے ۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے ان خیالات کااظہارپولیس لانئز قلعہ گجر سنگھ میں محرم الحرام کی آمد کے حوالے سے منعقدہ سنٹرل ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی اور دیگر اعلٰی پولیس افسران بھی موقع پر موجود تھے۔مولانا محمد علی نقشبندی،مفتی عمران الحسن،مفتی عمران حنفی،آغا شاہ حسین قزلباش ،سید مہندی شاہ،حافظ محمد زبیر،مولانا اسد عبید،مولانا محمود الحسن،معتصم الہی ظہیر اور مولانا عزیز الرحمن ثانی سمیت ضلعی امن کمیٹی کے دیگرارکان نے اجلاس میں شرکت کی۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ اس بار محرم الحرام پر پہلے سے زیادہ سخت سکیورٹی اقدامات عمل میں لائیں گے۔لاہور میں مجموعی طور پر 7210 مجالس منعقد ہوتی ہیں جن میں سے 60 فیصد یکم تا دس محرم میں منعقد ہوتی ہیں۔میں محکمہ پولیس اور علماء کرام کے درمیان موثر اور مربوط کوارڈینشن یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بھرپور کوشش ہو گی کہ امن و امان کے حوالے سے کوئی سنگین مسئلہ درپیش نہ ہو،تمام حل طلب امور باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم سے قبل از وقت ہی طے کر لئے جائیں اور محرم میں امن کے قیام و قانون کی پاسداری کے دوران کسی کے خلاف ایف آئی آر دینے کی ضرورت پیش نہ آئے۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ اس بار محرم الحرام میں شہر کے مختلف علاقوں میں تمام مسالک کے علمائے کرام اور امن کمیٹی کے ارکان پر مشتمل امن کارواں چلانے پر غور کیا جا رہا ہے۔اجلاس میں متنازعہ تقاریر کی روک تھام اور ساؤنڈ ایکٹ سسٹم پر سختی سے عملدرامد کروانے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں شرپسند عناصر کی مانیٹرنگ کےلئے سی ٹی ڈی اور ایف آئی اے کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل قائم کیا جا رہا ہےجبکہ اشتعال انگیزی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی۔ڈویژنل،سرکل اور تھانوں کی سطح پر ذیلی امن کمیٹی ممبران کی میٹنگز منعقد کی جائیں گی۔سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ دین سلام بین المسالک ہم آہنگی ،بھائی چارے اور رواداری کا درس دیتا ہے۔ ۔علماء کرام خطبات میں امن و آتشی کا پرچار کریں۔تمام مسالک کے عقائد کا احترام کریں، امن کمیٹی کے کردار کو مزید فعال اور موثر بنائیں گے۔