قومی ہاکی کھلاڑیوں کے دو روزہ فٹنس ٹیسٹ لاہور میں شروع

July 26, 2021

قومی ہاکی کھلاڑیوں کے دو روزہ فٹنس ٹیسٹ لاہور میں شروع ہوگئے ہیں، فٹنس ٹیسٹ میں 32 کھلاڑی شریک ہیں۔

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں دو سیشنز میں کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لیا گیا ہے۔

ہیڈ کوچ خواجہ جنید اور ان کے معاونین کی نگرانی میں فٹنس ٹیسٹ کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہے گا۔

چئیرمین قومی سلیکشن کمیٹی منظور جونئیر نے بھی کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 20 قومی کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

فٹنس کے معیار پر پورا اترنے والے کھلاڑیوں کو تین کٹگریز اے، بی اور سی میں سینٹرل کنٹریکٹ پیش کیے جائیں گے، کھلاڑیوں کی ماہانہ فزیکل فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا۔

ہیڈ کوچ خواجہ جنید کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ کھلاڑیوں کے لیے ٹریننگ کیمپ کا بھی پلان کیا جا رہا ہے۔