بھارتی صدر کی آمد پر مقبوضہ کشمیرمیں ہڑتال، سری نگر فوجی چھاؤنی میں تبدیل

July 27, 2021

سری نگر( خبرایجنسیاں) بھارتی صدر رام ناتھ کووند مقبوضہ کشمیر کے دورے پر سری نگر پہنچ گئے ، بھارتی صدر کی مقبوضہ کشمیر آمد پر کشمیر یوں نے مکمل ہڑتال اور کاروبار زندگی معطل کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا جبکہ اس موقع پر سیکورٹی کے نام پر مقبوضہ کشمیر کومکمل طورپر فوجی چھائونی میں تبدیل کردیا گیا، ذرائع کاکہناہےکہ رام ناتھ کووند کا دورہ عالمی برادری کو مقبوضہ علاقے میں سب کچھ معمول کے مطابق ہونے کا تاثردینے کیلئے رچایا گیا۔دوسری جانب کولگام اوربانڈی پورہ میں چار نوجوانوں کی شہادت پر ہڑتال کی گئی جبکہ شہید نوجوانوں کی لاشیں تدفین کے لیے لواحقین کو نہ مل سکیں، بھارتی صدر کی آمد پر ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی تھی، حریت کانفرنس نے ایک بیان میں آزادی پسند کشمیریوں سے اپیل کی تھی کہ بھارتی صدر کی کشمیر آمد پر سول کرفیو نافذ کریں کیونکہ بھارتی صدر کا دورہ کشمیریوں کے رستے ہوئے زخموں پرنمک پاشی کے مترادف ہے، رام ناتھ کووند کا دورہ عالمی برادری کو مقبوضہ علاقے میں سب کچھ معمول کے مطابق ہونے کا تاثردینے کے لیے رچایا گیا ،قائد تحریک آزادی جموں کشمیر سید علی گیلانی نے بھارتی صدر کے دورہ مقبوضہ کشمیرکے خلاف احتجاج کی کال دیتے ہوئے کشمیری عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اس دورے کے خلاف بھرپور حتجاج ریکارڈ کراکے قابض حکمرانوں اور دنیا کو حقیقت کا آئینہ دکھائیں، ایک ٹویٹ میں سیدعلی گیلانی نے کہاکہ ریاست جموں و کشمیر پر بھارت کا جبری قبضہ ہے اور ہمارا تعلق قابض اور مقبوضہ کا ہے جس میں کسی خیر سگالی کے کسی جذبے کیلئے دونوں اطراف سے کوئی گنجائش نہیں ۔