نیب نے سابق چیئرمین سی ڈی اے فرخند اقبال کو گرفتار کرلیا

July 28, 2021

اسلام آباد (بلال عباسی) نیب نے پارک لین کیس میں سابق چیئرمین سی ڈی اے فرخند اقبال کو گرفتار کرلیا، فرخند اقبال پرپارک لین کو 118 کنال سرکاری زمین دینےکا الزام ہے،نیب راولپنڈی کا کہنا ہے کہ ملزم نےماحولیاتی ونگ کی رپورٹ نظرانداز کر کےغفلت کا ارتکاب کیا اور سرکاری زمین ملی بھگت کر کے پرائیویٹ کمپنی پارک لین کو دی جبکہ سابق ممبر میاں وحیدالدین سےملکر تمام اصل کاغذات بھی غائب کیے، ملزم نے اشتہارات کا ناجائز استعمال کیا۔ دوسری جانب احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں زیر سماعت سابق چیئرمین سی ڈی اے فرخند اقبال وغیرہ کے خلاف فلاحی پلاٹ کی غیر قانونی الاٹمنٹ ریفرنس میں عدالت نے شریک ملزمان کی بریت درخواستوں پر نیب جواب کے بعدوکلاء صفائی سے دلائل طلب کرلیے۔ منگل کو سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر عثمان مسرود، وکلاء صفائی عبدالرشید مروت اور چوہدری آصف عدالت پیش ہوئے۔