تمام سیاسی قیادت کو بغیر ثبوت الزامات نہیں لگانے چاہئیں، تجزیہ کار

July 29, 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال شہباز شریف کا وزیراعظم کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ، وزیراعظم کی تردید، کس کا دعویٰ درست ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ ہماری تمام سیاسی قیادت کو ایک دوسرے پر بغیر ثبوت الزامات نہیں لگانے چاہئیں، وزیراعظم نے جس طرح شریف فیملی پر پیسے دینے کی پیشکش کا الزام لگایا ایسی باتوں کو سنجیدگی سے لینا چاہئے،ارشاد بھٹی نے کہا کہ ہتک عزت دعویٰ کیس میں وزیراعظم کا جواب مطمئن کرنے والا نہیں ہے، شہباز شریف کے دائر کردہ اس کیس میں عمران خان کے وکیل دو درجن پیشیوں پر پیش ہی نہیں ہوئے، اب جواب جمع کروایا تو اس میں عمران خان اپنے پرانے موقف سے ہٹ گئے، عمران خان کا پہلے کہتے تھے کہ ہاؤس آف شریف نے انہیں پاناما لیکس سے ہٹنے کیلئے 10ارب کی پیشکش کی ہے، آج وزیراعظم کہہ رہے ہیں کہ ان کے ایک جاننے والے عمر فاروق کو شریفوں کے جاننے والے نے پیشکش کی تھی، عمر فاروق اور ان کے جاننے والے کو عدالت میں پیش کیا جائے بات صاف ہوجائے گی۔