پنجاب میں ایسی صورتحال نہیں کہ تمام چیزیں بند کردیں، مسرت جمشید چیمہ

July 30, 2021

ترجمان حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ کا کورونا وائرس کی پنجاب میں تازہ صورتحال سے متعلق کہنا ہے کہ پنجاب میں ایسی صورتحال نہیں کہ تمام چیزیں بند کر دیں۔

مسرت جمشید چیمہ نے جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کے دوران کہا ہے کہ سندھ میں کورونا کی صورتحال تشویشناک ہے، سندھ حکومت نے جو فیصلے کیے ہیں وہ درست ہیں، کراچی میں شرح 25 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عوام ایس او پیز پر عمل کریں تو لاک ڈاؤن کی طرف نہیں جاسکتے، سندھ حکومت کو جس طرح کا بھی تعاون چاہیے ہوگا وہ ہم کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی لہر میں ہم نے اسپتالوں کی استعداد کار بڑھائی ہے، ہماری پہلی ترجیح ایس او پیز پر عمل درآمد کرانا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گھر گھر ویکسین لگانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے،اگر کورونا وائرس کیسز پھر بڑھتے ہیں تو پلان تیار ہے۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عوام کے تعاون سے ڈیلٹا ویرینٹ پر قابو پایا جاسکتا ہے۔