بینظیر پارک میں دن رات گانا بجانا،ملحقہ قبرستان میں میت کی تدفین پر سوگوارو ں کوکوفت کا سامنا

August 03, 2021

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) بینظیر پارک میں دن رات گانے بجانے سے پارک سے ملحقہ قبرستان میں میت کی تدفین ،پیاروں کی قبروں پر فاتحہ کیلئے آنے والے افراد او ر قریبی رہائشیوں کوشدید کوفت و پریشانی کا سامنا ہے ، شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پارک میں گانے بجانے پر فی الفور پابندی عائد کی جائے ۔ شہریوں کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سمنگلی روڈ پر واقع بینظیر پارک انتظامیہ کی جانب سے دن رات اونچی آواز میں گانے بجائے جاتے ہیں جبکہ پارک سے سامنے ہونے والی ہلڑ بازی سے نہ صرف راہ چلتے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ اونچی آواز میں گانے بجانے سے پارک سے ملحقہ قبرستان میں میت کی تدفین کیلئے آنے والے شہریوں کو شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ شہریوں کے مطابق قبرستان میں اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ کیلئے آنے والے افراد کوقرآن پاک پڑھنے کے دوران بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ قبرستان کا تقدس بھی پامال ہورہا ہے انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ قبرستان کے تقدس کو محلوظ خاطر رکھتے ہوئے پاک میں گانے بجانے پر فی الفور پابندی عائد کرے ۔