جرمنی میں 84 برس کے شخص پر جنگ عظیم دوم کا ٹینک گھر میں رکھنے پر بھاری جرمانہ

August 05, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) جرمنی میں ایک پنشنر پر جنگ عظیم دوم کا جنگی ٹینک گھر میں رکھنے پر بھاری جرمانہ کیا گیا ہے۔ 84 سالہ شخص کو 14 ماہ قید اور 213469 پائونڈز جرمانہ کیا گیا ہے۔ حکام کو مذکورہ شخص کے گھر سے جنگ عظیم دوم کا ٹینک اور دیگر جنگی آلات ملے تھے۔ عدالت نے مدعا علیہ کو حکم دیا کہ وہ ٹینک اور دیگر جنگی آلات میوزیم یا کلکٹر کو لازمی طور پر دو سال کے اندر فروخت یا عطیہ کردے۔ مدعا علیہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ ایک امریکی میوزیم نے پینتھر ٹینک کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ جب کہ متعدد جرمن کے کلکٹرز نے دیگر جنگی آلات سے متعلق ان سے رابطہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ مقامی حکام نے 2015 میں اس گھر پر چھاپہ مارا تھا اور مذکورہ آلات برآمد کیے تھے۔ جب کہ پینتھر ٹینک کو گھر سے نکالنے میں 20 سپاہیوں کو تقریباً 9 گھنٹے لگ گئے تھے۔ مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ ایک شخص کو موسم سرما میں اس ٹینک کے ذریعے برف صاف کرتے دیکھا گیا ہے۔